نئی دہلی،4؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)قومی ٹیم کے مڈفیلڈر ایگینسن لنگدوہ کا خیال ہے کہ اس سال کے آخر میں انڈر17فیفا ورلڈ کپ کے انعقاد سے ہندوستانی فٹ بال کو کافی فائدہ ہوگا اور اس سے مضبوط سینئر ٹیم تیار کرنے میں مدد ملے گی۔لنگدوہ نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ یہ ہندوستانی فٹ بال کے لئے بہت اچھا پلیٹ فارم ہے، خاص طور ملک کے بچوں کے لئے،کیا پتہ جلد ہی انہیں یورپ میں کھیلنے کا موقع مل جائے۔شمال مشرقی ہندوستان کے رہنے والے اس 30سالہ مڈفیلڈرکو لگتا ہے کہ فیفا ٹورنامنٹ میں کھیلنے اور اس کی میزبانی کرنے سے سینئر ٹیم کو مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر نوجوان کھلاڑیوں کو کافی تجربہ حاصل ہوگا،وہ اب اعلی سطح کی ٹیموں کے خلاف کھیل رہے ہیں اور انہیں ٹورنامنٹ میں ان بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا،وہ اب کافی کچھ سیکھ رہے ہیں اور ٹورنامنٹ شروع ہونے کے بعد اس میں اضافہ ہوگا۔لنگدوہ نے کہا کہ اتنی کم عمر میں ان کے پاس اچھا خاصا تجربہ ہو گا، مجھے پورا یقین ہے کہ ان میں سے کوئی کسی دن یورپ میں کھیلے گا اور جب ایسا ہوتا ہے تو ان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا فائدہ ہندوستان کے سینئر کھلاڑیوں اور ٹیم کو ملتا ہے۔آخر میں ہندوستانی ٹیم کی سینئر عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی امید بڑھ جائے گی،یہ ایک عمل ہے لیکن آغاز شاندار ہے۔